۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ولادت حضرت فاطمه زهرا س

حوزہ/ جناب فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا  اس مکتب  کی پروردہ ہیں جس نے صنف نسواں کو اعتبار بخشا  آپ نہ محض اس مکتب کی پروردہ ہیں بلکہ علم و آگاہی و معرفت  کی منزلوں میں بھی  آپ اعلی منزلوں پر بھی فائز ہیں۔

محمد صفر جبرئیلی
ترجمہ و تالیف : مولانا سید نجیب الحسن زیدی

حوزہ نیوز ایجنسی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اس دنیا میں زیادہ نہ رہیں آپ کی زندگی کا بیشتر حصہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور امام علی علیہ السلام کے ساتھ گزرا ۔ بالکل واضح سی بات ہے کہ ان دو عظیم شخصیتوں کے ساتھ خاص کر حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ اگر کوئی رہے تو اسکی شخصیت کی تابانیاں ان دو شخصیتوں کے تحت الشعاع چلی جائیں گی حضور سرورکائنات و امام علی علیہ السلام جیسی شخصیتوں کے سامنے کس شخصیت میں تاب ہے جو اظہار وجود کر سکے وہ بھی ایسے دور میں جہاں ابھی صنف ِ نسواں کو لیکر معاشرے میں منفی نظر پائی جاتی ہو اور اسکی مثبت صلاحیتوں کے ا ظہار کے لئے میدان فراہم نہ ہو ایسی جگہ کسی خاتون کا محور فضائل بننا یقینا بڑی بات ہے ۔
البتہ شک نہیں کہ صنف نسواں کو اہمیت دینے انکے وجود کو اعتبار عطا کرنے میں اسلام کے بلند معارف اور حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے تعلیمات اس بات کا سبب بنے کہ صنف نسواں کی شخصیت کِھل کر سامنے آئے اور ایسی فضا فراہم ہو سکے کہ اس صنف کی صلاحتییوں میں نکھار پیدا ہو سکے ۔
یہ مسئلہ اپنی جگہ ہے مگر اس دور میں ابھی خاتون کو وہ اعتبار حاصل نہ تھا جو بعد میں تعلیمات اسلامی کی روشنی میں حاصل ہوا ۔
جناب فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا اس مکتب کی پروردہ ہیں جس نے صنف نسواں کو اعتبار بخشا آپ نہ محض اس مکتب کی پروردہ ہیں بلکہ علم و آگاہی و معرفت کی منزلوں میں بھی آپ اعلی منزلوں پر بھی فائز ہیں ، ایسی منزل جس نے مختصر سی عمر میں فردی، عائلی ،اور معاشرتی میدانوں میں حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور امام علی علیہ السلام کے ساتھ مل کر افق حیات انسانی پر چمکتے ہوئے اپنی ضوباریوں سے بشریت کو مستفید کیا اور پوری بشریت کے لئے سرچشمہ خیر و برکت بن گئی ،شہزادی کونین کی اجتماعی و معاشرتی بعض خدمات کو حسب ذیل انداز میں واضح کیا جا سکتا ہے :

فکری اور فرہنگی مرجعیت :
اس بات میں تو شک ہی نہیں ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا اپنے دور میں لوگوں کی فکری مشکلات کو حل کرنے میں کوشاں رہیں اور آپ کو فکری مرجعیت حاصل تھی لوگ اپنے مسائل لیکر آپ کی خدمت میں حاضر ہوتے ، معاشرتی مسائل میں آپ کا واضح کردار تھا اس بات میں شک نہیں ہے کہ آپ کی ذات اس دور میں بھی محور و مرکزیت کی حامل تھی چنانچہ علامہ جعفر مرتضی عاملی لکھتے ہیں " حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مکرر تاکیدیں آپ کا طرز عمل علاوہ از ایں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی منزلت یہ ساری چیزیں اس بات کا سبب بنیں کہ لوگ آپ کی طرف کھنچے چلے آئیں اور آپ کا ایک خاص مقام و مرتبہ ہو یہی وجہ ہے کہ آپ کا گھر ان لوگوں کے لئے ایک مرکز تھا ایک پناہ گاہ کی حیثیت رکھتا تھا جو لوگ آپ کے پاس اپنی مشکلات لیکر آتے تھے جنکی آمد و رفت آپ کے یہاں تھی، آپ کے پاس پڑوسیوں کی خواتین کے ساتھ مدینہ کے دیگر خواتین بھی آیا جایاکرتیں
لوگ حصول معرفت کے لئے اور علمی مسائل کو سمجھنے کے لئے آپ کی خدمت میں حاضر ہوتے تھے اور آپ درج ذیل طریقوں سے لوگوں کی علمی و معنوی تشنگی کو اپنے چشمہ علم و معنویت سے سیراب کرتی تھیں :

خواتین کے شرعی مسائل کا بیان :
مدینہ کی خواتین آپ کی خدمت میں حاضر ہوتیں اور اپنے شرعی سوالوں کو آپ سے دریافت کرتی تھیں اور آپ صبر و تحمل کے ساتھ انکے جوابات عنایت فرماتیں جیسا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام فرماتے ہیں :
ایک خاتون حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت میں حاضر ہوئی اور کہا میری والدہ بہت بوڑھی و ضعیف ہیں اور وہ نماز کے احکام کے سلسلہ سے اکثر بھول چوک کا شکار ہو جاتی ہیں کبھی انہیں مسائل نماز میں کوئی شبہہ پیدا ہو جاتا ہے تو کبھی ان سے کوئی غلطی سرزد ہو جاتی ہے اسی وجہ سے انہوں نے مجھے آ پ کی خدمت میں بھیجا ہے کہ ان مسائل کے بارے میں آپ سے دریافت کروں اس کے بعد خاتون نے ایک اور مسئلہ دریافت کیا حضرت نے جواب دے دیا تو اس خاتون نے ایک اور سوال کیا اسی طرح ۱۰ سوال اس خاتون نے لئے آپ نے بھی سب کے جواب دئے پھر اس خاتون نے یہ سوچ کر اپنی شرمندگی کا اظہار کیا کہ میں اتنے زیادہ سوال پوچھ چکی ہوں اب مزید زحمت دینا مناسب نہیں ہے لہذا اس نے کہا بنت رسول اب اس سے زیادہ آپ کو اور کیا زحمت دوں اس کے جواب میں حضرت نے فرمایا: تم جب بھی چاہو آ کر مجھ سے سوال کر سکتی ہو اور جو چاہو پوچھ سکتی ہو ۔

دینی مسائل میں اختلاف کا حل :
امام حسن عسکری علیہ السلام فرماتے ہیں :
دو خواتین کے درمیان دینی مسائل پر آپس میں اختلاف ہو گیا ، دونوں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت میں حاضر ہوئیں دونوں کے درمیان بحث چھڑ گئی ان دونوں خواتین میں ایک صاحب ایمان تھی دوسری عناد رکھنے والی اسلام کی مخالف تھی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے مسلمان خاتون کی دلائل پیش کرنے میں مدد کی تاکہ وہ اپنی باتوں کی حقانیت کو ثابت کر سکے اور جب آپ کی مدد سے اس نے اپنی باتوں کو ثابت کر دیا تو بہت خوش ہوئی حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے فرمایا: ملائک کی خوشی تمہاری اس جیت میں تم سے زیادہ ہے بیشک شیطان اور اسکے چیلوں کا حزن و ملال اس کامیابی پر اس خاتون سے زیادہ ہے جو تمہارے مقابل ہار گئی
الہی معارف کا بیان :
جس معاشرے کا جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا حصہ تھیں اس کی ذمہ داریوں میں آپ ایک اہم ذمہ داری یہ سمجھتی تھیں کہ الہی معارف کو بیان کیا جائے ہر چند حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بعد کے بعض حوادث اور آپ کی کا مختصر سن اس بات کا سبب بنا کہ معاشرہ آپ کے مزید فیوضات سے محروم ہو جائے ۔ ابن مسعود حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے نقل کرتے ہیں : ایک شخص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے پاس آیا اور اس نے کہا: ائے بنت مصطفی کیا رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے آپ کے پاس کچھ نہیں رکھا ہے جس سے میں بھی بہرہ مند ہو سکوں ؟ آپ نے کنیز سے کہا کہ فلاں ریشمی رومال جو بابا نے میرے پاس رکھوایا تھا ڈھونڈ نکالو کنیز نے بہت ڈھونڈا لیکن جب یہ رومال نہیں ملا تو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے کہا یہ بہت قیمتی ہے میرے بچوں کی طرح مجھے عزیز ہے اس لئے کہ اس میں ایک صحیفہ ہے جس میں یوں لکھا ہے : حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: جس کے پڑوسی اس کے شر سے امان میں نہ رہیں وہ مومنین میں نہیں ہے ، جو بھی خدا و قیامت پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ اپنے پڑوسی کو نہ ستائے جو بھِی خدا اور روز قیامت پر ایمان رکھتا ہے یا اسے اچھی بات کرنا چاہیے یا خاموش رہنا چاہیے بیشک خدا حلیم و پاکدامن انسان کو دوست رکھتا ہے اور برے انسان ،بخیل اور بہت زیادہ سوال کرنے والے منھ پھٹ کو مبغوض رکھتا ہے بیشک حیا ء ایمان کا حصہ ہے اور ایمان کی منزل بہشت ہے اور گالی گلوچ بے حیایی ہے اور بے حیا انسان آگ میں ہے
کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا کہ بعض مومنین کرام اپنی زوجات کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت میں بھیجتے تاکہ اپنے سوالوں کے جوابات حاصل کریں چنانچہ ایک شخص نے اپنی زوجہ کو آپ کی خدمت میں بھیجا کہ آپ سے پوچھے کہ وہ آپ کے شیعوں میں ہے یا نہیں آپ نے جواب دیا اپنے شوہر سے کہو: اگر جن باتوں کا ہم نے حکم دیا ہے تم ان پر عمل کرتے ہو اور جن سے ہم نے روکا ہے تم ان سے رک جاتے ہو تو ہمارے شیعہ ہو ورنہ ایسا نہیں ہے شوہر کو جب یہ جواب ملا تو پریشان ہو گیا اور کہنے لگا وائے ہو مجھ پر ایسا کون ہے جو بے خطا و بے گناہ ہو جس سے گناہ نہ ہوتے ہو ں اب تو میں ہمیشہ جہنم میں رہون گا اس لئے کہ جو شیعہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ ہوگا وہ تو جہنم میں ہی رہے گا اسکی زوجہ اپنی پریشانی لیکر دوبارہ حضرت کی خدمت میں آئی تو آپ نے اس سے فرمایا اپنے شوہر سے کہو :
’’ کیا ایسا نہیں ہے کہ ہمارے شیعہ اہل بہشت میں سے بہترین افراد ہیں وہ ہمارے چاہنے والے اور چاہنے والوں کے چاہنے والے ہیں اور ہمارے دشمنوں کے دشمن ہیں اور جو بھی زبان و دل سے ہمارے سامنے تسلیم رہے اور ان باتوں پر عمل کرے جنکاحکم ہم نے دیا ہے اور ان باتوں سے بچے جن سے ہم نے بچنے کے لئے کہا ہے اور گناہوں سے پرہیز نہ کرے تو وہ ہمارا حقیقی شیعہ نہیں ہے لیکن وہ بہشت میں ہوگا اور اس دنیا کی بلاو مصیبتوں میں گرفتار ہونے کے بعد یا قیامت میں طرح طرح کی سختیوں اور مصیبتوں کو برداشت کرنے کے بعد یا جہنم کے اوپری طبقے میں عذاب کے بعد ہم انہیں نجات دیں گے اور انہیں اپنے پاس منتقل کر دیں گے ۔

میدان سیاست کردار اور دفاع حق :
بعثت کے آغاز میں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جان کی حفاظت اور آنحضرت ص کا دفاع اور انکی حمایت نئے تشکیل یافتہ اسلامی سماج سے متعلق ان افراد کی خطیر ذمہ داری تھی جو تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود حقانیت پیغمبر ص اور آئین پیغمبر ص پر ایمان لائے تھے ۔انگلیوں پر گنے جانے والے بعض افراد ایسے بھی تھے جو معاشرتی و سیاسی حیثیت و منزلت سے استفادہ کرتے ہوئے آپ کی جان کی حفاظت کے سلسلہ سے زیادہ مصروف عمل رہتے تھے انہیں گنی چنی شخصیتوں میں ایک جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بھی تھیں ، حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت کے بعد جب ناگوار حوادث رونما ہوئے تواب حضور ص کے دفاع کی بات تو نہ تھی لیکن حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دین کے دفاع کا مرحلہ تھا لہذا بعد وفات رسول ص اب تعلیمات پیغمبرص کی حفاظت کی ذمہ داری نے نئی شکل اختیار کر لی اب یہاں ذات پیغمبرص کی جگہ امامت کے دفاع کی بات تھی پیغمبر ص کی جانشینی کی بات تھی اس مرحلے میں چند ہی گنے چنے سچے لوگ تھے جنہوں نے کھل کر اسلامی تعلیمات کا دفاع کیا ان چند گنے چنے لوگوں میں سب سے زیادہ بڑا کردار عالم اسلام کی عظیم الشان خاتون کا تھا جنہوں نے اس عظیم ذمہ داری کو بحسن وخوبی نبھایا اور اپنی تمام تر توانائیوں کو اسلام کے حقیقی تعلیمات کی حفاظت میں صرف کر دیا ۔ چاہے بات دفاع رسالت کی ہو یا امامت کی جہاں بھی حق کے ببانگ دہل اعلان کی ضرورت ہو ئی باطل کو باطل کہے جانے کی ضرورت ہوئی جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے بھرپور انداز میں حق کا ساتھ دیا

پیغمبر (ص) کا دفاع اور ان کی حمایت :
رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم جب سے مبعوث بہ رسالت ہوئے اس وقت سے مدینہ کی طرف ہجرت تک جب تک مکہ میں رہائش پذیر رہے مکہ میں آپ کو بہت زیادہ اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا بزرگان قریش، حتی حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کےبعض چچا بھی نہ صرف یہ کہ لوگوں کو آپ کے خلاف اکساتے اور آپ کو اذیت پہنچانے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے بلکہ چھوٹے چھوٹے بچے بھی اپنے بزرگوں کی شہہ پر آپ کو اذیت پہنچانے میں پیچھے نہ رہتے نہ ہی کسی کو کسی بھی بات سے دریغ تھا جس سے جو بن پڑتا آپ کو اذیت پہنچانے کے لئے انجام دیتا ، کبھی آپ کے سر پر مٹی ڈال دیتے کبھی پتھروں سے آپ کو مارتے تو کبھی کعبہ کے نزدیک نماز کے وقت جانوروں کی اوجھڑیاں آپ پر ڈالی جاتیں ، ان حالات میں صرف جناب حمزہ سید الشہدا ء جیسے لوگ تھے جو آپکے دفاع میں کھڑے ہوتے ، تاریخ نے اس مقام پررسول کا دفا کرنے والے افراد میں اس بچی کا نام بھی نقل کیا ہے جسکا سن ۵ سے ۸ سال تھا
یہ کمسن بچی نہ صرف گھر میں اپنے بابا کی دیکھ بھال کرتی بلکہ اپنی والدہ گرامی جناب خدیجہ سلام اللہ علیہا کی وفات کے بعد گھر کے باہر بھی ہمیشہ آپ کی دیکھ بھال اور محافظت کرتی تھی ابوبکر بیہقی لکھتے ہیں :
روایت ہے کہ مشرکان قریش حجر اسماعیل کے گرد جمع ہوئے اور آپس میں انہوں نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ شاطرانہ پلان بنایا : جیسے ہی محمد ص یہاں سے گزریں گے ہم میں سے ہر ایک ان پر ٹوٹ پڑے گا انہیں سب مل کر ماریں گے جیسے ہی یہ بات اس چھوٹی سی بچی کے کانوں میں گئی فورا اپنی والدہ گرامی کے پاس پہنچی اور مشرکین کے اس منصوبے سے والدہ گرامی کو آگاہ کیا اور پھر اپنے بابا کو بتایا کہ مشرکین کے ذہنوں میں کیا چل رہا ہے۔
یہ بچی نہ صرف یہ کہ خود حضور سرورکائنات کا خیال رکھتی تھی بلکہ بعض مقامات پر تو اس طرح کی چیزوں کی اطلاع و بچاو کے علاوہ خود ذاتی طور پر بھی اس مقام پر پہنچ جاتی جہاں حضورص کو کوئی اذیت پہنچا رہا ہو اور اس جگہ پہنچ کر پیغمبر ص کا دفاع کرتی عبد اللہ ابن مسعود سے نقل ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ کعبہ کے نزدیک بیٹھے تھے اور حضرت ص خانہ خدا کے سایے میں مشغول نماز تھے جبکہ قریش کے ایک گروہ نے جن میں ابوجہل بھی شامل تھا مکہ میں کچھ اونٹ نحر کئے تھے ، ان لوگوں نے حضورص کی شان میں یہ اہانت کی کہ نحر شدہ اونٹوں کی اوجھڑیاں لا کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیٹھ پر رکھ دیں فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے دیکھا اور اپنے بابا کی پشت سے ان اوجھڑیوں کو ہٹایا جو ابو جہل اور اسکے کارندوں نے آپ کی پشت اقدس پر ڈال دی تھیں ۔
عمرو بن نے میمون عبد اللہ سے روایت کی ہے کہ : ایک دن پیغمبر ص سجدہ کی حالت میں تھے اور قریش کے کچھ لوگوں نے اونٹ نحر کیا تھا یا گائے ذبح کی تھی جس کے فضولات و اوجھڑیاں وہاں پڑی تھیں کسی نے پوچھا کون ہے جو ان اوجھڑیوں کو اٹھا کر پیغمبر ص کی پشت پر ڈال دے؟ عقبہ بن ابی معیط وہاں موجود تھا وہ اٹھا اور اس نے آکر یہ منحوس حرکت کی کہ اوجھڑیوں کو پشت پیغمبر ص پر ڈال دیا جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا تشریف لائیں اور انہوں نے اپنے بابا کی پشت سے اوجھڑیوں کو ہٹایا

بابا سے محبت اور انکی اطاعت:
جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے والد کےساتھ اسقدر مہربان تھیں کے حضور ص تعظیم کو کھڑے ہو جاتے جب سورہ نور کی ۶۳ ویں آیہ کریمہ نازل ہوئی تو فاطمہ علیہا السلام کو شرم محسوس ہوئی کہ اس آیت کے نزول کے بعد اپنے بابا کو بابا کہہ کر پکاریں ، حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے آواز دے کر اپنی بیٹی کو بلایا اور کہا بیٹا تم نے اپنے بابا کو بابا کہنا کیوں چھوڑ دیا ہے یہ جو آیت نازل ہوئی ہے تمہارے لئے نہیں ہے مجھے پسند ہے کہ تم مجھے بابا کہہ کر پکارو تم مجھ سے ہو اور میں تم سے ہوں تم بابا کہو کہ تمہارا مجھے اس طرح پکارنا میرے دل کو زندہ کرتا ہے اور خدا کی خوشنودگی کا سبب ہے ۔
آپ کو جو چیز سب سے زیادہ محبوب تھی وہ اپنے مالک کی بندگی تھی چنانچہ نقل ہے کہ عبادت کے لئے فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا اہتمام یہ تھا کہ عبادت کی جگہ معین تھی مصلی معین تھا پوری تیاری و انہماک کے ساتھ عبادت کرتیں مستحبات پر خاص توجہ ہوتی اپنی زندگی کے آخری لمحات میں فرمایا: اسماء مجھے وہ عطر لا دو جو میں ہمیشہ لگاتی ہوں اور وہ لباس لا دو جس میں نماز پڑھتی ہوں اور میرے سرہانے بیٹھ جاو اگر مجھ پر غنودگی طاری ہو تو مجھے اٹھا دینا اور اگر تمہارے اٹھانے سے نہ اٹھ سکوں تو علی ع کو خبر کر دینا عبادت کے سلسلہ سے خاص اہتمام کے باوجود اپنے بابا کا اتنا خیال رہتا کہ ایک دن نماز مستحبی میں مشغول تھیں جیسے ہی بابا کی آواز سنی نماز کو چھوڑ دیا دوڑی ہوئی بابا کے پاس آئیں سلام کیا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جواب ِ سلام دیا اور سر پر ہاتھ پھیرا اور یوں اپنے ہاتھوں کو اٹھا کر اپنی بیٹی کے لئے دعاء کی بارالھا اس بچی پر اپنی رحمت و غفران نازل فرما

امام علی علیہ السلام کا دفاع :
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا امام علی علیہ السلام کے مقام و منزلت کو اچھی طرح پہچانتی تھیں اور آپکی خدا دادی و ذاتی صلاحیتوں سے بھی واقفیت رکھتی تھیں آپ نےحضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے بارے میں احادیث کو سنا تھا مولائے کائنات ع کے سلسلہ سے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رائے و نظر کو آپ جانتی تھیں اور فضیلت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے لئے آپ نے جو بھی فرمایا تھا اس پر مکمل یقین و ایمان رکھتی تھیں ، نئے نئے تشکیل شدہ اسلامی معاشرے کی خیر و مصلحت آ پ کے نزدیک امام علی علیہ السلام کی امامت و قیادت میں تھی آپ جز علی ع کسی کو بھی مقام خلافت و امامت کے امید وار کے طور پر نہیں دیکھ رہی تھیں آپ کی نظر میں اس مقام کے لئے کوئی بھی علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے بہتر نہ تھا کوئی اس مقام پر علی ع کی جگہ آئے اسے آپ ناجائز سمجھتی تھیں یہی وجہ ہے کہ علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی خلافت کے اثبات کے لئے معاشرے میں اس امامت کے متحقق ہونے کے لئے آپ نے کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کیا اور آخر وقت تک امام علیہ السلام اور منصب امامت کے دفاع و حمایت سے ہاتھ نہ کھینچا ۔
خلیفہ او ل کی بیعت کا معاملہ جب آیا تو تین طرح کے گروہوں نے ابوبکر کی بیعت کو قبول کرنے سے انکار کیا
پہلا گروہ : سقیفہ میں موجود انصار کا تھا انہوں نے ہرچند کہ ابوبکر کی بیعت سے اعراض کیا لیکن بعض ایسے مسائل پیش آئے کہ ان میں سے اکثر نے اسی مقام پر بیعت کے لئے اپنا ہاتھ بڑھا دیا
دوسرا گروہ : بنی امیہ اور بنی امیہ میں بھی سب سے زیادہ محوریت کے ساتھ ابو سفیان کو اس بات کی توقع تھی کہ ہمیں بھی کوئی مقا م و منصب نصیب ہوگا ، کم از کم اتنا ہی مرتبہ مل جائے گا کہ جتنا دوران جاہلیت ہمیں حاصل تھا اسی بنا پر یہ لوگ بھی خلیفہ اول کی بیعت سے دامن بچا رہے تھے
تیسرا گروہ : بنی ہاشم اور کچھ اور سچے مسلمان جیسے عمار یاسر، سلمان ، مقداد، ابوذر و ۔۔۔
انصار کا مسئلہ کافی حد تک خلیفہ وقت کے نفع میں حل ہو گیا ، بنی امیہ نے بھی مال و مقام لے لالچ میں بیعت کر لی کہ حکومت میں انکی بھی حصہ داری ہوگی لیکن بنی ہاشم کی مشکل اپنی جگہ برقرار رہی ، گرچہ حکومت نے انکی نظر اپنی طرف مبذول کرانے کی بہت کوشش کی حتی خلیفہ اول کی بیعت کے بعد چند راتوں تک یہ لوگ عبد اللہ ابن عباس کے گھر جاتے رہے اور عبد اللہ ابن عباس کے ساتھ انکے اہل خانہ تک کو حکومت میں مقام و منصب کی پیشکش کرتے رہے لیکن انہیں منھ کی کھانی پڑی اور انکے مطالبات کو عبد اللہ ابن عباس کی جانب سے سرے سے مسترد کر دیا گیا ابن عباس نے اس مسٗلہ کو علی ابن ابی طالب علیہ السلام پر چھوڑ دیا چنانچہ بنی ہاشم میں کسی نے بھی جب تک حضر ت زہرا سلام اللہ علیہا زندہ رہیں بیعت نہ کی یہی وجہ ہے کہ حکمراں جماعت کے پاس کوئی چارہ کار نہ بچا اور انہوں نے ڈرانے دھمکانے کا ذریعہ استعمال کرنے کا سوچا ۔
ابتداء میں تو امام علی علیہ السلام کے حامیوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر میں اجتماع کیا جو کہ شاید حکومت کی جانب سے انتباہ و دھمکی یا امام علیہ السلام کی خاص مصلحت اندیشی کی بنا پر متفرق ہو گئے اس کے بعد حکومت کے طرفدار امام علیہ السلام کو اپنے ساتھ لینے اور آپکی حمایت کو حاصل کرنے کے زور زبردستی کرتے ہوئے آپ کے گھر پر حملہ آور ہو گئے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا حملہ آوروں کے مقابل ڈٹ گئیں اور ان سے آپ نے فرمایا : ائے گمراہ شدہ جھوٹوں کیا کہتے ہو کیا چاہتے ہو ائے عمر کیا خدا سے ڈر نہیں لگتا ، کیا تم گھر میں درانا داخل ہونا چاہتے ہو کیا تم شیطانی جماعت سے مجھے ڈرانا چاہتے ہو جبکہ شیطان کی جماعت ضعیف و ناتواں ہے خدا کی قسم میں اپنے چچا زاد بھائی کو نہیں چھوڑوں گی کہ تم ان پر ظلم ڈھاتے ہوئے لیکر چلے جاو جب ان ظالموں پر جناب صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی ان باتوں کا اثر نہ ہوا اور زبردستی علی علیہ السلام کو کھینچتے ہوئے مسجد کی طرف لے گئے تو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا مسجد پہنچیں اور ان ظالموں کو انتباہ دیتےے ہوئے فرمایا: میرے ابن عم کو چھوڑ دو اس خدا کی قسم جس نے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو بالحق مبعوث بہ رسالت کیا اگر تم میرے چچا زاد بھائی کو نہ چھوڑوگے تو میں اپنے بالوں کو پریشان کر لوں گی اور رسول ص کا پیراہن سر پر ڈال کر خدا کے سامنے فریاد کرونگی ’’ جب جناب سلمان فارسی نے امام علیہ السلام کے اشارے کے ذریعہ چاہا کہ بی بی سے کہیں کہ بد دعاء نہ کریں اور گھر واپس چلی جائیں تو آپ نے سلمان فارسی سے فرمایا: یہ لوگ علی ع کو قتل کر دینا چاہتے ہیں مجھے علی ع کے قتل پر صبر نہیں ہو سکتامیں انہیں قتل ہوتا نہیں دیکھ سکتی ، جب خلیفہ وقت و دوسروں نے دیکھا کہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کسی بھی طرھ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں اور مکمل عز م کے ساتھ سامنے ڈٹی ہوئی ہیں تو امام علیہ السلام کو چھوڑنے پر آمادہ ہوئے جب آپ نے دیکھا کہ علی ع کو چھوڑ دیا گیا ہے تو آپ نے فرمایا: میری جان تم پر فدا ہو میری روح تمہاری سپر بن جائے ائے ابو الحسن اگر آپ خیر و آسائش میں رہیں گے تو بھی آپ کا ساتھ دونگی اگر آپ سختی و پریشانی میں گرفتار ہو گئے تو بھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑونگی ۔
جہاں امام وقت کا بھر پور انداز میں بی بی دفاع کیا وہیں ایک شوہر کی حیثیت سے وہ کردار پیش کیا کہ جتنے دن علی ع کے گھر رہیں کبھی کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا :چنانچہ نقل ہوا ہے کہ آپ نے علی علیہ السلام کے گھر آنے کے بعد کبھی نہ کسی چیز کا مطالبہ کیا اور نہ ہی کسی چیز کی خواہش ظاہر کی بلکہ سخت ترین ضرورت کے وقت بھی جب گھر میں کچھ نہ تھا تب بھی آپ نے اپنے شوہر سے نہ کہا کہ علی ع گھر میں کچھ نہیں ہے کچھ انتظام کردیں بلکہ جب امام علی علیہ السلام نے یہ دیکھا کہ گھر میں کچھ نہیں ہے تو خود ہے سوال کیا بی بی آپ نے مجھے کیوں نہیں بتایا کہ گھر میں کچھ نہیں ہے تو اسکے جواب میں بی بی دو عالم فرمایا: مجھے شرم آتی ہے کہ میں کسی ایسے کام کو کہہ دوں جسے آپ انجام نہ دے سکیں۔

اعتراض و تنقید :
آپ د یکھ رہی تھیں کہ امت اگر اپنی محوریت سے ہٹ جائے تو کافی حد تک ممکن ہے کہ دیگر امور میں بھی مشکلات کا شکار ہو جائے اسی لئے ہر قسم کا سکوت اور ہر طرح کی خاموشی اس وقت ناروا کاموں کی تائید مانی جائے گی اور کیا پتہ ایک غلط چیز ہماری خاموشی کی وجہ سے ہمیشہ ایک قانون کی صورت ڈھل جائے اور اسے خلافت کے دعوے داروں کی حقانیت کا معیار بنا لیا جائے۔
اسی بنا پر حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے بعض مقامات پر بہت کھل کر اعتراض کیا اور واضح طور پر جو کچھ ہو رہا تھا اس پر اپنا اعتراض جتایا اور ثابت کیا کہ یہ جو بھی ہو رہا ہے میری نظر میں غلط ہے ۔

غصب فدک پر اعتراض :
جب آپ چند بار فدک کے حق کے مطالبے کے لٗے خلیفہ اول کے پاس گئیں اور جب خلیفہ اول نے ایسی حدیث سے استناد کیا جو کسی اور نے پیغمبر ص نے نہیں سنی تھی اور نہ ہی کسی نے ایسی حدیث کو کہیں نقل کیا تھا تو آپ نے اپنی باتوں کوقرآنی آیات کے ساتھ پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اقوال کی روشنی میں مستند کرتے ہوئے پیش کی گئی حدیث کے جعلی ہونے کو برملا کیا اور جب خلیفہ وقت نے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے استدلال حتی گواہوں کی گواہی کے بعد بھی فدک نہ دیا تو آپ نے اعتراض کرتے ہوئے فرمایا: خدا کی قسم تجھ پر ملامت کرتی رہوں گی خدا کی وائے ہو تجھ پر جب تک میں زندہ ہوں ایک لفظ بھی تجھ سے بات نہیں کرونگی

اپنے گھر پر ہونے والے حملے پر اعتراض و احتجاج :
جب کچھ لوگوں نے در فاطمہ سلام اللہ علیہا پر آ کر رعب و حشت اور دھمکیوں کے ذریعہ چاہا کہ زبردستی علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے بیعت لی جائے اور اسی بنیا د پر گھر کو جلانے کے درپے ہوئے اور افسوس صد افسوس کے انہوں نے وہ سب کچھ انجام بھی دے دیا گھر کو نذرآتش بھی کیا رعب و حشت بھی طاری کرنے کی کوشش کی تو جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے مسجد میں خلیفہ اول سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ائے ابو بکر کتنی جلدی تم نے اہل بیت رسول ص کے ساتھ اپنے چھپے ہوئے کینے کو آشکار کر دیا اپنے خدا کی قسم خدا سے ملاقات تک میں عمر سے بات نہیں کروں گی ۔

امام وقت کی بے حرمتی پر اعتراض :
جب امام علی علیہ السلام کو نامناسب ا نداز میں زبردستی مسجد لے گئے تو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے خود کو مسجد تک پہنچایا اور جو لوگ وہاں تھے ان تک اپنا اعتراض جتایا خاص کر خلیفہ دوم کو مورد خطاب قرار دیا جو کہ ان نا پسندیدہ حرکتوں میں اصلی کردار کے حامل تھے آپ نے فرمایا: ائے عمر تمہارے طغیان و جسارت نے مجھے گھر سے باہر لا کھڑا کیا اور تمام گمراہوں اور اغوا شدہ افراد پر حجت تمام ہو گئی خدا کی قسم مجھے ناپسند ہے کہ بے گناہ عذاب و ابتلائے الہی میں گرفتار ہو ں [ اسی لئے میں بد دعاء کے لئے ہاتھ نہیں اٹھا رہی ہوں ] اگر ایسا نہ ہوتا تو میں خدا کو قسم دیتی اور اور جلدی قبول کرنے والا پاتی ‘‘

خاموش لوگوں پر اعتراض :
جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مسجد النبی میں خطبے کے مختلف حصے اس بات کے گواہ ہیں کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا پیش آنے والے حوادث سے ملول و رنجیدہ تھیں آپ کا دل ان واقعات سے خون خون تھا اسی بنیاد پر انصار کو خطاب کرتے ہوئے فرماتی ہیں :نقیبان قوم و ملت ائے قوم کے دست و بازو ائے حافظین اسلام ،میرے حق کے سلسلہ سے یہ غفلت و سستی کیسی ، کیوں انصاف کے مطالبہ کے بارے میں تم لوگ سستی کا شکار ہو ؟ اس کے بعد آپ ایک دوسرے حصے میں لوگوں کی سستی و غفلت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ’’ میں دیکھ رہی ہوں کہ تم تن آسانی کی عادت کر چکے ہو جو حقیقت میں امت کی رہبری کی صلاحیت رکھتا تھا تم نے دنیا طلبی و عیش و عشر ت کی وجہ سے اسے چھوڑ دیا عیش و آ رام میں مشغول ہو گئے زندگی کی سختیوں سے مستیوں میں پڑ گئے اور اسی وجہ سے جو کچھ تھا وہ بھی تمہارے ہاتھ سے چلا گیا اور جو تمہارے اندر تھا سب تم نے قے کے ذریعہ باہر نکال دیا

خلیفہ اول و دوم کی کارکردگی پر اعتراض :
اپنے عمر کے آخری حصے میں جب دونوں خلفاء امام علی علیہ السلام کی اجازت سے خاتون جنت سے ملاقات کے لئے پہنچے تو حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنا چہرہ پھیر لیا اور ان سے پوچھا تمیں خدا کی قسم دیتی ہوں بتاو کیا تم نے نہیں سنا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: کہ فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے اسے اذیت دی اس نے مجحے ا ذیت دی میری رضا فاطمہ ع کی رضا میں اور میری ناراضگی و میرا غضب فاطمہ ع کی ناراضگی میں ہے ان لوگوں نے جواب دیا ایسا ہی ہے بنت رسول حضرت نے فرمایا:خدا اور اساسکے فرشتوں کو میں گواہ بناتی ہوں کہ تم دو لوگ وہ ہو جنہوں نے مجھے غضناک کیا مجھے اذیت پہنچا ئی میرے رضایت کے اسبا ب فراہم نہ کئے اپنے بابا رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ملاقات کرونگی تو تمہاری شکایت کرونگی ۔

پڑوسیوں کے ساتھ طرز سلوک :
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا مکتب پیغمبر ص کی تربیت یافتہ ہیں ، تعلیمات پیغمبر ص کا مجسم پیکر ہیں چنانچہ جہاں دیگر انسانی قدروں کو آپ نے اپنے چھوڑے ہوئے نقوش حیات کے ذریعہ اجاگر کیا ہے وہیں پڑوسیوں کے سلسلہ سے آپ کے تعلیمات قابل غور ہیں چنانچہ آپ پڑوسیوں پر آپ کی خاص توجہ رہا کرتی تھی آپ پڑوسیوں کے سلسلہ سے کتنی فکر مند رہتی تھیں اسکو اگر دیکحنا ہو تو ذیل کے نمونوں کو ملاحظہ کر سکتے ہیں :

پڑوسیوں کے حق میں دعاء:
امام حسن مجبتی علیہ السلام سے منقول ہے کہ شب جمعہ میں نے دیکھا کہ والدہ گرامی محراب عبادت میں کھڑی ہیں اور مسلسل رکوع و سجود میں مشغول ہیں یہاں تک کے سپیدی سحر نمودار ہو گئی میں نے دیکھا کہ وہ مومن مردوں اور خواتین کے بارے میں دعاء کر رہی ہیں اور مسلسل انکا نام لیتی جاتی ہیں ان سب کے لئے آپ نے خوب دعاء کی لیکن اپنے لئے دعاء نہ کی میں نے پوچھا ائے مادر گرامی !آپ جس طرح دوسروں کے لئے دعاء کرتی ہیں اپنے لئے دعاء کیوں نہیں فرماتیں جواب میں مادر گرامی نے فرمایا: بیٹا پہلے پڑوسی پھر گھر امام صادق علیہ السلام نے بھی اسی سیرت فاطمی کو بیان کرتے ہوئے ایک جگہ فرمایا:
جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا طریقہ کار یہ تھا کہ جب بھی آپ دعاء کے لئے ہاتھ اٹھاتیں مومن مردو و زن کے لئے دعاء کرتیں لیکن خود کے لئے دعاء نہیں کرتی تھیں[ آپ سے کہا گیا کہ ایسا کیوں ہے کہ آپ اپنے لئے دعاء نہیں کرتی ہیں] تو آپ نے جواب میں فرمایا: پہلے پڑوسی پھر گھر والے چنانچہ امام حسن علیہ السلام کی حدیث سے بھی واضح ہے کہ جب آپ پڑوسیوں کے لئے دعاء کرتیں تو نام لیکر دعاء کرتیں یہ چیز جنا ب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عام لوگوں سے جڑے رہنے اور پڑوسیوں کو لیکر آپ کی فکر مندی کو بیان کرتی ہے ۔

پڑوسیوں کے یہاں جانا اور ان کی مدد:
آپ کی یہ سیرت تھی کہ آپ پڑوسیوں کے یہاں جایا کرتیں، انکی عیادت کرتیں اگر کسی کا انتقال ہو جاتا تو تعزیت کے لئے جاتیں تعزیت کے سلسلہ سے ہونے والی مجالس میں شریک ہوتیں چنانچہ آپ کے سلسلہ سے ملتا ہے ، آپ پڑوسیوں کی عیادت کے لئے جاتیں اگر کوئی مریض ہوتا تو اسے دیکھنے جاتیں
’’ بعض پڑوسیوں پر پڑنے والی مصیبت میں تعزیت کے لئے آپ تشریف لے گئیں۔

سماج کے کمزور و ناتواں طبقے کیا خیال :
جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی معاشرتی خدمات میں ایک اہم خدمت معاشرے کے کمزور و ضعیف لوگوں کا خیال رکھنا اور انکا سہارا بننا ہے اور فقراء و مساکین کی ضرورت کو پورا کرنا ہے

آپ کی سیرت میں ملتا ہے :
آپ فقیروں بینواوں اور اپنے مستضعف پڑوسیوں کی دیکھ بھال کر تی تھیں خواتین و بچوں خاص کر یتیموں پر آپ کی خاص توجہ رہا کرتی تھی ان کے مسائل کو حل کرتی تھیں ان تک آذوقہ و کھانا پہنچاتی تھیں اس حد تک اس کام میں مشغول رہتیں کہ خود آپ کے چہرہ اقدس پر بھوک کے آثار نمایاں ہو جاتے تھے حتی اس وقت جب آپ کے گھر میں بچوں نے تین دن تک لگاتار روزہ رکھا اور اپنے کھانے کو یتیم و فقیر و مسکین کو دے دیا اور خود پانی سے افطار پر قناعت کی روایت کہتی ہے :
بچے شدید مریض ہوئے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم عیادت کے لئے تشریف لائے امام علی علیہ السلام کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا : علی نذر مان لو کہ جب بچے اچھے ہو جائیں گے تو تین دن روزہ رکھو گے پورے گھر نے نذر مان لی بچوں کو شفا ملی گھر میں کچھ نہ تھا علی کہیں سے مختصر سی جو لے کر آئے کہ افطاری ہو سکے جو کو پیسا گیا اور جب اسے خمیر کر کے پکایا گیا تو کل پانچ روٹیاں بن سکیں ایک گھر کی کنیز فضہ کے لئے دو بچوں کی اور ایک ایک علی ع و فاطمہ کی وقت افطار نزدیک آیا دسترخوان پر سادہ پانی اور جو کی روٹیاں ہیں ابھی افطار کرنے کا ارادہ ہی تھا کہ سائل کی آواز آئی : آئے اہلبیت پیغمبر ص مسکین ہوں کچھ کھانامل سکتا ہے ؟
سب نے اپنےاپنے حصے کی روٹیاں دے دیں مسکین خوش ہو کر چلا گیا افطار پانی سے ہو گیا اور دوسرے دن پھر سب روزے سے تھے علی ع نے پھر جو کا انتظام کیا پھر پانچ روٹیاں وقت افطار دسترخوان پر سجی تھیں افطار کرنے سب بیٹھے کے پھر سائل کی آواز یتیم ہوں کچھ کھانے کو نہیں ہے سب نے اپنا اپنا حصہ بشمول کنیز فضہ پھر یتیم کو دے دیا اور پانی سے افطار ہو گیا تیسرے دن پھر یہی ماجرا پھر دسترخوان پر پانچ روٹیاں اور نزدیک افطار کسی سائل کی آواز لیکن اب کی بار نہ تو مسکین نہ ہی یتیم بلکہ کوئی اسیر جو بھوکا تھا سب نے پھر اپنا اپنا حصہ دے دیا اور پانی سے افطار کیا جب صبح ہوئی تو حسن و حسین علیہما السلام کا ہاتھ پکڑ کر علی پیغمبر ص کے پاس آئے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بچوں کو دیکھا چہروں کا رنگ زرد اور بھوک کی شدت سے لرز رہے تھے علی ع سے کہافورا گھر چلو گھر آئے دیکھا بی بی دو عالم محراب عباد ت میں مشغول عبادت ہیں جبکہ آنکھوں کے گرد حلقے پڑے ہوئے ہیں پیغمبر یہ حالت دیکھ کر بہت مغموم ہوئے اسی وقت جبرئیل امین نازل ہوئے : ائے میرے حبیب ایسے اہلبیت کے حامل ہونے پر خدا مبارکباد پیش کرتا ہے اور اس کے بعد یہ آیت تلاوت کی اس وقت بھی جب خدا نے اس کام کے عوض کچھ کھانا بھیجا تو آپ نے اسے بھی اپنے پڑو سیوں کے یہاں تقسیم کر دیا یہ وہ ماجرا ہے جہاں رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنے اہلبیت ع کو جمع کیا اور انہیں کھانے کو دیا سب نے کھانا تناول کیا اور پھر اسی میں سے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے پڑوسیوں کو تقسیم کر دیا

کنیز کے ساتھ برتاو:
حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ایک دن ایک کنیز کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے کنیز کا ہاتھ جناب فاطمہ سلام اللہ علیہا کے ہاتھ میں دیا اور فرمایا: بیٹی یہ کنیز آج سے تمہاری خدمت کرے گی یہ نماز کی پابند ہے تمہارے لئے بہتر ہوگی اس کے بعد کنیز کے حقوق کے سلسلہ سے کچھ نصیحتیں ف رمائیں بی بی نے اپنے بابا کو دیکھا اور کہا بابا آج سے گھر کے کاموں کو تقسیم کر لیا ایک دن کا کام آپکی بیٹی کرے گی اور ایک دن کا کام یہ کنیزپیغمبر ص کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور یہ آیت تلاوت فرمائی ’’اللہ (ہی) بہتر جانتا ہے کہ اپنی رسالت کہاں رکھے‘
فضہ گھر کی کنیز تھی بی بی کی معرفت بھی تھی شان و منزلت اہلبیت ع سے بھی واقف تھی لیکن بی بی نے گھر کا کام بانٹا ہوا تھا ایک دن فضہ کام کرتی ایک دن بی بی دو عالم سلمان فارسی کہتے ہیں ایک دن میں نے دیکھا کہ بی بی دوعالم بچوں کو سنبھالے چکی پیس رہی ہیں جبکہ ہاتھ زخمی ہے اور اس سے خون جاری ہے میں نے کہا بی بی آپکے پاس فضہ ہیں پھر آپ ان سے کام کیوں نہیں لیتیں جواب دیا فضہ کی باری کل تھی جو گزر گئی آج میری باری ہے۔

ایثار و انفاق:
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مدینہ منورہ ہجرت کے ساتھ ہی حضرت کے پیروکاروں اور مسلمانوں نے مدینہ کی طرف ہجرت کی اقتصادی مشکلات نے مسلمانوں کو بہت کٹھن مشکل میں ڈال دیا انصار کے پاس جو کچھ تھا پیغمبر ص کے حکم پر انہوں نے نہایت اخلاص و فداکاری کے ساتھ مہاجروں کے ساتھ تقسیم کر لیا جنگی غنائم بھی ایک وقت میں اتنے نہیں ہوتے تھے کہ نئے تشکیل شدہ اسلای سماج کی ضرورتوں کو پورا کر سکیں ایسی صورت میں حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم مسلمانوں اور مسلمان فقراء کو اپنے گھر والوں پر ترجیح دیتے تھے اس ذمہ داری کی ادائگی میں علی اور فاطمہ سلام اللہ علیہما بھی سہیم تھے جو اس اخلاقی اور سماجی فرض کی ادائگی میں معمول سے زیادہ خود پر سختی برتتے طاقت فرسا مشکلات کے تحمل کے ساتھ ایثار و انفاق میں بھی آپ سب سے آگے آگے رہتے تھے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا گھر فقیروں اور ضرورت مندوں کے لئے مرکز رجوع تھا جو بھی آ پ کے گھر آتا خالی ہاتھ واپس نہ پلٹتا حتی حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بھی بعض ضرورت مندوں کو آپکی طرف بھیج دیتے ۔
جابر ابن عبد اللہ انصاری کہتے ہیں :
نماز عصر کو ہم نے پیغمبر ص کے ساتھ پڑھا ، حضرت ابھی محراب میں ہی تشریف فرما تھے کہ ایک بوڑھا مہاجر شخص پھٹا پرانا لباس پہنے آپکی خدمت میں حاضر ہوا پیغمبر ص نے اس سے حال چال پوچھا اس شخص نے کہا یا رسول اللہ میں بھوکا ہوں مجھے کھانا چاہیے ، میرے پاس کپڑے نہیں ہیں مجھے کپڑے چاہیے میں تہیدست ہوں مجھے بے نیاز فرما دیں۔
حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: میرے پاس تو تجھے دینے کے لئے کچھ نہیں ہے تم ایسے گھر جا کر اپنا مطالبہ رکھو جسے خدادا و رسول دوسست رکھتے ہوں اور وہ بھی خدا و رسول کو دوست رکھتا ہو جو خدا کو خود پر مقدم رکھتا ہو تم خانہ سیدہ کی طرف جاو پھر پیغمبر ص نے جناب بلال سے فرمایا : اس شخص کو فاطمہ سلام اللہ علیہا کے گھر لے جاو بلال آئے اور پورے ماجو مرے کو بیان کیا حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنا وہ گردن بند نکالا جو آپ کو سید الشہدا ءجناب حمزہ کی بیٹی نے دیا تھا آپ نے اس گلو بند کو نکالا اور اس در پر آئے فقیر کے حوالے کر دیا اور فرمایا: اس گلو بند کو لے لو اور اسے فروخت کر دو امید کہ خدا وند متعال اس کے مقابل میں تمہیں وہ چیز دے گا جو تمہارے لئے اس سے بہتر ہوگی اسی طرح ابن عباس سے نقل ہے کہ ایک نو مسلم کے لئےکچھ کر سکیں ازواج پیغمبر ص کے گھر پر حاضر ہوئے لیکن کوئی چیز بھی آپ کو ڈھونڈنے کے بعد بھی ایسی نہ مل سکی جو اس نو مسلم کے کام کی ہوتی آپ کی نظر خانہ سیدہ پر پڑی تو آپ نے خود سے سرگوشی کی کہ اگر کہیں خیر ملے گا تو در سیدہ سے ملے گا پہنچے دق الباب کیا اور پورے قصے کو بیان یا کہ کس طرح میں ایک نئے نئے مسلمان ہوئے ایک شخص کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ادھر ادھر ہاتھ پیر مار رہا ہوں حضرت سلام اللہ علیہا نے فرمایا:اس خدا کی قسم جس نے محمد مصطفی ص کو بہ حق طور پر مبعوث بہ رسالت کیا تین دن ہوئے ہم نے کچھ نہیں کھایا ہے حسن و حسین علیما السلام بھی بھوک کی شدت سے لرز لرز کر سو گئے لیکن اپنے گھر پر آنے والی نیکی کو یوں ہی نہیں پلٹاونگی حضرت نے جناب سلمان کو ایک پیرہن لا کر دیا اور کہا اسے شمعون یہودی کے یہاں دے دو اور گروی رکھ کر اس سے کچھ خرما اور جو لے لو جناب سلمان فارسی نے ایسا ہی کیا لباس لیکر شمعون کے پاس پہنچے ، ماجرا بیان کیا جب شمعون کو پتہ چلا لباس دختر رسول ص کا ہے اور گھر میں کھانے پینے تک کو کچھ نہیں ہےتو بے ساختہ اس کے منھ سے یہ جملے نکلے:اسے کہتے ہیں زہد یہ تو وہی کیفیت ہے جس کے بارے میں توراۃ میں کہا گیا ہے اسکا مطلب فاطمہ ع جس خدا کو مانتی ہیں وہی برحق ہے اور فورا کہا سلمان ''اشھد ان لا الہ الاللہ وان محمد رسول اللہ ''،یہ کہکر خرما اور جو جناب سلمان کے حوالے کر دیا سلمان خوشی خوشی لیکر آئے جناب فاطمہ ع کو دیا بی بی نے نو مسلم اعرابی کے لئے اپنے ہاتھوں سے جو کو پیسا اسکا آٹا بنایا اور پھر خمیر تیار کر کے روٹیاں تیار کیں اور سلمان کے حوالے کر دیں جناب سلمان نے چلتے چلتے کہابی بی آپ بھی ان میں کچھ روٹیاں اپنے لئے رکھ لیں ،حسنین بھی تو بھوکے ہیں بی بی سلام اللہ علیہا نے جواب دیا : ہم جو راہ خدا میں دے دیتے ہیں اس میں سے تصرف نہیں کرتے۔

راہ خدا میں انفاق کی یہ داستان تاریخ انسانیت میں بے نظیر ہے :

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی بیٹی کو رخصت کرتے وقت دلہن کا مخصوص لباس ہدیہ کیا ،ایک دن کوئی سائل آیا جسکے پاس لباس نہیں تھا آپ نے شادی والا لباس سائل کو دے دیا جب پیغمبر ص آپ کے گھر آئے تو دیکھا بیٹی کو دیا ہوا لباس تن پر نہیں اور فاطمہ ع پرانا لباس پہنے ہیں کہا بیٹا تمہارا لباس کہاں گیا جو بابا نے تمہیں لا کر دیا تھا جواب دیا بابا ایک بار ایک سائل آپ کے پاس آیا تھا تو آپ کے پاس ایک ہی لباس تھا آپ نے سائل کو دے دیا اور خود حصیر اوڑھ کر گزارا کیا میں نے چاہا کہ آپ کے عمل کی تاسسی کرتے ہوئے ایسا کچھ کروں کہ آپ سے مشابہہ ہو جاوں بعض نے لکھا کہ بی بی نے کہا بابا میں نے چاہا کہ اس آیت پرعمل کروں جس میں بیان کیا گیا کہ تم اس وقت نیکی تک پہنچ ہی نہیں سکتے جب تک وہ چیز اللہ کی راہ میں نہ دو جو تمہیں محبوب ہے۔
جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ میں ایثار و فداکاری کے یوں تو بہت سے نمونے ہیں جنہیں بیان کیا جا سکتا ہے لیکن فی الحال پیش نظر تحریر میں ایثار کے آخری نمونے کو بیان کرنےپر ہی اکتفا کرتے ہیں روایت کہتی ہے :
گھر میں کھانا بہت کم تھا اور رات میں مہمان نے دق الباب کیا بی بی نے علی ع سے فرمایا کھانا تو بس اتنا ہے کہ بچے کھا سکتے ہیں لیکن میں انہیں سلا دیتی ہوں کہ مہمان ہم پر مقدم ہے ، کھانا لگ گیا اور مہمان نے سیر ہو کر کھایا ،رات یوں گزری کہ گھر میں رہنے والا مہمان سیر ہو کر سو رہا تھا باقی گھر والے بھوکے تھے[20] فاطمہ ع کے اس عمل پر آیت نازل ہوئی (یہ مال فیٔ) ان غریب مہاجرین کے لیے بھی ہے جو اپنے گھروں اور اموال سے بے دخل کر دیے گئے جو اللہ کے فضل اور اس کی خوشنودی کے طلبگار ہیں نیز اللہ اور اس کے رسول کی مدد کرتے ہیں ، یہی لوگ سچے ہیں ۔
یہ چند ایک وہ نمونے تھے جنہیں ہم نے بہت ہی اختصار کے ساتھ آپکی خدمت میں پیش کیا جنکی روشنی میں واضح ہوتا ہے کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی محض ایک رونے والی ایسی خاتون کی زندگی نہیں ہے جو صبح و شام گریہ کرتی ہے بلکہ ایسی زندگی ہے جس نے اپنے طرز عمل سے اپنے دشمنوں کو رلا دیا ہے ایک ایسی مجاہدانہ زندگی ہے جس میں ایک تموج ہے ایک انقلابی آہنگ ہے ، معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کی ادایگی ہے معاشرے کو اوپر لانے کی کوشش ہے ، امید کہ ہماری خواتین بھی آپ کی زندگی کو نمونے عمل قرار دیتے ہوئے اسی راہ پر جسکی نشاندہی حضرت زہراسلام اللہ علیہا نے اس طرح کی کہ چودہ سال گزر جانے کے بعد آج بھی ہم اس اٹھارہ سال کی زندگی کے تابندہ نقوش کے محتاج ہیں جسکی زندگی کا پل پل کامیابی و سر افرازی کا استعارہ ہے ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .